ممبئی، 7/نومبر (اس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لئے مہا وکاس اگھاڑی نے اپنی انتخابی گارنٹیاں جاری کر دی ہیں، جن میں عوام کے لئے متعدد اہم وعدے شامل ہیں۔ ان 5 گارنٹیوں کا اعلان راہل گاندھی نے کیا، جبکہ اس موقع پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، این سی پی کے سربراہ شرد پوار، اور شیو سینا کے رہنما ادھو ٹھاکرے سمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔
مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے جاری کئے گئے 5 گارنٹی یہ ہیں:
1۔ مہالکشمی یوجنا: خواتین کو ماہانہ 3000 روپے کی مالی امداد اور پورے مہاراشٹر میں سرکاری بسوں میں مفت نقل و حمل کی سہولت ملے گی۔
2۔ کرشی سمردھی یوجنا: مہاراشٹر کے تمام کسانوں کو 3 لاکھ روپے تک کے زرعی قرضے معاف کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مسلسل اپنی قرضوں کی ادائیگی کرنے والے کسانوں کو 50,000 روپے کی ترغیبی رقم فراہم کی جائے گی۔
3۔ نوجوانوں سے وعدہ: مہاراشٹر کے ہر بے روزگار نوجوان کو 4,000 روپے کی ماہانہ امداد فراہم کی جائے گی۔
4۔ کٹمب تحفظ یوجنا: مہاراشٹر کے تمام خاندانوں کو 25 لاکھ روپے کا کفیاتی صحت انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔
5۔ مساوات کی گارنٹی: پسماندہ برادریوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کو محفوظ کرنے کے لیے مہاراشٹر میں سماجی و اقتصادی ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے بعد ہم ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد ختم کر دیں گے۔